سوشیو اکنامک رجسٹری ، شمار کنندگان میں ڈیجیٹل ٹیبلٹس تقسیم
جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال سے سروے کے عمل کو مزید تیز کیا جائیگا:ڈی سی
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے شمار کنندگان (Enumerators) میں ڈیجیٹل ٹیبلٹس تقسیم کرکے پنجاب سوشیو اکنامک رجسٹری (PSER) کے دوسرے مرحلے کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ منیجر پی ایس ای آر سید حسن رضا بھی موجود تھے ۔ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے کہا کہ جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال سے سروے کے عمل کو مزید تیز، مؤثر اور شفاف بنانے میں مدد ملے گی۔ شمار کنندگان کو ٹیبلٹس کی فراہمی سے فیلڈ آپریشنز کے دوران ڈیٹا جمع کرنے ، معلومات کے درست اندراج اور ریکارڈ کی بروقت تکمیل میں معاونت حاصل ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب سوشیو اکنامک رجسٹری کا مقصد گھرانوں کی سماجی و معاشی صورتحال سے متعلق مستند معلومات جمع کرنا ہے ، تاکہ دستیاب ڈیٹا کی بنیاد پر مستحق خاندانوں کی نشاندہی اور فلاحی اقدامات کی مؤثر منصوبہ بندی کی جا سکے ۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ حکام اور فیلڈ عملے کو ہدایت کی کہ سروے کے دوران معلومات کے درست اندراج، شفافیت اور مقررہ طریقہ کار پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ شہریوں سے معلومات جمع کرتے وقت پیشہ ورانہ ذمہ داری کا مظاہرہ کیا جائے اور سروے کے عمل کو مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments