مسافر اڈوں ، ہسپتالوں ، پارکوں میں نوسرباز سرگرم ، شہریوں کو لوٹنے کی وارداتوں میں اضافہ

 مسافر اڈوں ، ہسپتالوں ، پارکوں میں نوسرباز سرگرم ، شہریوں کو لوٹنے کی وارداتوں میں اضافہ

نو سر باز خود کو پولیس اہلکار، روحانی شخصیات یا سرکاری اداروں کے افسر و ملازمین ظاہر کرکے شہریوں کو مختلف حیلوں بہانوں سے روکتے اور اپنی باتوں میں الجھاتے ہیں،بعض اوقات تلاشی کے بہانے لوٹ لیا جاتا

فیصل آباد (عبدالباسط سے )مسافر اڈوں، عوامی پارکوں، ہسپتالوں اور دیگر عوامی مقامات پر نوسربازوں نے پنجے گاڑ لیے ۔ خود کو پولیس اہلکار، روحانی شخصیات اور سرکاری اداروں کے افسران ظاہر کرکے شہریوں کو باتوں میں الجھانے اور لوٹنے کے واقعات آئے روز سامنے آنے لگے ۔ذرائع کے مطابق فیصل آباد کے مختلف مسافر اڈوں، عوامی پارکوں، ہسپتالوں اور دیگر اہم مقامات کو نوسربازوں اور فراڈ میں ملوث عناصر نے اپنی سرگرمیوں کا مرکز بنا رکھا ہے ۔ یہ عناصر خود کو پولیس اہلکار، روحانی شخصیات یا سرکاری اداروں کے افسران و ملازمین ظاہر کرکے شہریوں کو مختلف حیلوں بہانوں سے روکتے اور اپنی باتوں میں الجھاتے ہیں۔

بعض اوقات تلاشی لینے کے بہانے شہریوں کی جیبوں سے نقدی، موبائل فون اور دیگر قیمتی اشیا نکال لی جاتی ہیں، جی ٹی ایس چوک، ریلوے اسٹیشن چوک، لاری اڈے ، خواجہ ٹریولز سمیت دیگر مسافر اڈوں، ہسپتالوں، عوامی پارکوں اور اہم مقامات پر نوسرباز مبینہ طور پر سرگرم ہیں۔ شہریوں کو لوٹنے کے لیے ملتے جلتے طریقے اور حلیے اختیار کیے جانے کا بھی انکشاف ہوا ہے ۔ذرائع کے مطابق بعض وارداتوں میں ملوث عناصر مبینہ طور پر پولیس کی وردیاں پہننے ، ہاتھوں میں پولیس وائرلیس رکھنے ، گاڑیوں پر نیلی بتی لگانے اور پولیس سے مشابہت رکھنے والی نمبر پلیٹس استعمال کرنے جیسے طریقے اپناتے ہیں، جس کے باعث شہری انہیں حقیقی پولیس اہلکار سمجھ کر دھوکے کا شکار ہو جاتے ہیں۔شہریوں نے حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...