اراضی ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن ، شہریوں کو مشکلات

 اراضی ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن ، شہریوں کو مشکلات

ڈیجیٹلائزیشن کے نام پر انتقال، فرد کے اجرا اور رجسٹریوں کا عمل تقریباً ٹھپ ہو چکا ،سسٹم کا بار بار لنک ڈاؤن ہونا معمول ،کروڑوں روپے مالیت کے لین دین متاثر

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)اراضی ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن شہریوں کے لیے سہولت کے بجائے عذاب بن گئی، جبکہ انتقال، فرد کے اجرا اور رجسٹریوں کا نظام مفلوج ہو کر رہ گیا۔ اراضی ریکارڈ کو ڈیجیٹل کرنے کے منصوبے نے شہریوں کے مسائل کم کرنے کے بجائے مزید بڑھا دیے ہیں۔ ڈیجیٹائزیشن کے نام پر انتقال، فرد کے اجرا اور رجسٹریوں کا عمل تقریباً ٹھپ ہو چکا ہے ۔ سسٹم کا بار بار لنک ڈاؤن ہونا معمول بن گیا ہے ، جبکہ ریکارڈ مکمل طور پر ڈیجیٹائز ہونے سے قبل ہی مینوئل اندراج کا طریقہ کار بھی بند کر دیا گیا ہے ، جس کے باعث سائلین شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ذرائع کے مطابق اراضی ریکارڈ سنٹرز میں روزانہ کی بنیاد پر سسٹم بیٹھ جانے کی شکایات سامنے آ رہی ہیں، جس سے نہ صرف انتقالات کی منظوری رک گئی ہے بلکہ فرد کے اجرا اور جائیداد کی رجسٹری جیسے بنیادی امور بھی تعطل کا شکار ہیں۔ شہری گھنٹوں انتظار کرنے کے بعد مایوس ہو کر واپس لوٹنے پر مجبور ہیں۔

جبکہ عملہ بھی سسٹم کی خرابی کو جواز بنا کر بے بسی کا اظہار کرتا نظر آتا ہے ۔اراضی کی خرید و فروخت کرنے والے افراد کا کہنا ہے کہ کام مکمل طور پر رک جانے کے باعث کروڑوں روپے مالیت کے لین دین متاثر ہو رہے ہیں۔ خریدار اور فروخت کنندگان دونوں شدید پریشانی کا شکار ہیں، کیونکہ قانونی تقاضے پورے نہ ہونے کے باعث نہ ادائیگیاں ہو پا رہی ہیں اور نہ ہی جائیداد کی منتقلی ممکن ہو رہی ہے ۔اس صورتِ حال کے باعث پراپرٹی مارکیٹ میں غیر یقینی کیفیت پیدا ہو چکی ہے ، جبکہ سرکاری خزانے کو بھی بھاری نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے ، کیونکہ رجسٹریوں اور انتقالات پر عائد ٹیکس اور فیسوں کی وصولی متاثر ہو رہی ہے ۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ڈیجیٹائزیشن کے عمل کو مؤثر بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں، سسٹم کی خرابیوں کو دور کیا جائے اور مکمل ڈیجیٹل منتقلی تک مینوئل طریقہ کار بحال رکھا جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ اور ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...