چناب نگر :پٹرول پمپوں پر کم پیمانے کی شکایات میں اضافہ
پیمانہ مشینوں میں ردوبدل اور معیار پر بھی سوالات اٹھنے لگے ، نوٹس کا مطالبہ
چناب نگر (نامہ نگار) چناب نگر اور گردونواح میں پیٹرول پمپوں پر کم پیمانہ دینے کی شکایات میں اضافہ ہونے لگا، تاہم متعلقہ انتظامیہ کی جانب سے مؤثر کارروائیاں سامنے نہ آنے پر شہریوں میں تشویش پائی جا رہی ہے ۔ شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ بعض پیٹرول پمپ مالکان مبینہ طور پر پیمانہ مشینوں میں ردوبدل کرکے صارفین کو پورا پیٹرول دینے کے بجائے کم مقدار فراہم کر رہے ہیں، جبکہ متعلقہ حکام خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ بعض پیٹرول پمپوں پر پیمانے کے ساتھ ساتھ پیٹرول کے معیار کے حوالے سے بھی تحفظات پائے جاتے ہیں، لیکن چیکنگ کے نام پر ہونے والی کارروائیاں محض کاغذی کارروائی تک محدود دکھائی دیتی ہیں۔ عوامی حلقوں کے مطابق پیٹرول کی پوری قیمت ادا کرنے کے باوجود کم مقدار ملنا صارفین کے ساتھ سراسر زیادتی ہے۔ عوامی و سماجی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ چناب نگر اور گردونواح کے تمام پیٹرول پمپوں کی فوری جانچ پڑتال کی جائے اور پیمانہ مشینوں کی باقاعدہ جانچ یقینی بنائی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments