سی ای او ہیلتھ جھنگ ڈاکٹر یونس منیر اینٹی کرپشن میں طلب
سرکاری فنڈز میں مبینہ کروڑوں کی بے ضابطگیوں کی تحقیقات شروع کر دی گئیں
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب نے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ جھنگ ڈاکٹر محمد یونس منیر کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال شیخوپورہ میں تعیناتی کے دوران مبینہ مالی بے ضابطگیوں اور سرکاری فنڈز میں کروڑوں روپے کی کرپشن کے الزامات کے حوالے سے 5 نومبر کو طلب کر لیا ہے ۔ ڈاکٹر محمد یونس منیر کے خلاف شیخوپورہ کے شہری محمد ارشد ورک کی درخواست پر اینٹی کرپشن میں مقدمہ نمبر 43/2026 درج کیا گیا ہے ۔ درخواست میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ڈاکٹر محمد یونس نے بطور ایڈیشنل میڈیکل سپرنٹنڈنٹ فنانس شیخوپورہ تعیناتی کے دوران مبینہ طور پر عمیر انٹرپرائزز سمیت دیگر ناموں سے فرمیں قائم کر رکھی تھیں، جو ہسپتال کے مختلف کاموں کے ٹھیکے حاصل کرتی تھیں۔درخواست گزار کے مطابق ڈاکٹر محمد یونس مبینہ طور پر اس گروہ کے سربراہ تھے ، جو ایڈمن آفیسر حفیظ الرحمن اور کوالٹی ایشورنس آفیسر محمد شعیب کے ساتھ مل کر مبینہ جعلی بل تیار کرکے کروڑوں روپے کی سرکاری رقم ہڑپ کرنے میں ملوث تھا۔محکمہ اینٹی کرپشن کے حکام کے مطابق مقدمے کی انکوائری کے دوران ڈاکٹر محمد یونس کے مبینہ کردار سے متعلق شواہد سامنے آئے ہیں، جس کے بعد اینٹی کرپشن لاہور نے انہیں 5 نومبر کو تحریری جواب جمع کروانے کے لیے طلب کیا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments