اے سی کا مریم نواز ہیلتھ کلینک لنڈیانوالہ کا دورہ، سہولیات کا جائزہ
معیاری طبی سہولیات کی فراہمی میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی :ضیاء اللہ گوندل
جڑانوالہ (نمائندہ دنیا)ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ ضیاء اللہ گوندل نے مریم نواز ہیلتھ کلینک لنڈیانوالہ کا دورہ کیا اور ہسپتال میں صفائی، طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی اور آپریشن تھیٹر کا جائزہ لیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور سرکاری ہسپتالوں میں عملے کی حاضری یقینی بنائی جائے گی۔دورے کے موقع پر بجلی کے ٹرانسفارمر میں خرابی کے باعث لیبر روم اور ایکسرے رومز کی بندش کا نوٹس لیتے ہوئے انہوں نے ایکسیئن واپڈا کو مسئلہ فوری حل کرنے کی ہدایت کی۔ مزید برآں، ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کی ہدایت پر تمام خالی پلاٹوں کے مالکان کو اپنی اراضی کی چار دیواری فوری مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ بصورتِ دیگر بھاری جرمانے عائد کرنے کے ساتھ سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments