ملک پور‘لہڑی تا حسام روڈ برسوں سے خستہ حالی کا شکار

ملک پور‘لہڑی تا حسام روڈ برسوں سے خستہ حالی کا شکار

پتھر ڈال ڈال کر سڑک کو نا مکمل چھوڑ نے کے باعث مسافروں کی مشکلات میں اضافہ

گلیانہ(نامہ نگار )ملک پور، لہڑی تا حسام روڈ 3سال سے زائد عرصے سے خستہ حالی کا شکار ہے جبکہ حسام لہڑی تا ملک پور جٹاں روڈ کو نامکمل چھوڑ کر صرف پتھر ڈال د ئیے گئے جس کے باعث مسافروں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ۔تفصیلات کے مطابق سڑک کی ٹوٹ پھوٹ، جگہ جگہ گڑھے اور ادھوری تعمیر کے باعث آمدورفت شدید متاثر ہے ۔ یہ سڑک روزانہ ہزاروں افراد استعمال کرتے ہیں جن میں طلبہ، سرکاری و نجی ملازمین اور تاجر برادری شامل ہیں۔ خصوصاً سکول جانے والے بچوں کو مشکلات کا سامنا ہے جبکہ والدین ہر وقت کسی حادثے کے خدشے میں مبتلا رہتے ہیں۔

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ نامکمل سڑک پر ڈالے گئے پتھر نہ صرف سفر کو دشوار بناتے ہیں بلکہ موٹر سائیکل سواروں اور پیدل چلنے والوں کے لیے بھی خطرناک صورتحال پیدا کر رہے ہیں۔ بارش کے دنوں میں یہ مسئلہ مزید سنگین ہو جاتا ہے ، جب کیچڑ اور پھسلن حادثات کا سبب بنتی ہے ۔اہل علاقہ کے مطابق متعدد بار متعلقہ حکام اور منتخب نمائندوں کو اس مسئلے سے آگاہ کیا جا چکا ہے مگر تاحال کوئی مؤثر عملی اقدام سامنے نہیں آیا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ترقیاتی کاموں میں تاخیر اور غفلت ناقابل قبول ہے ۔شہریوں نے اعلیٰ حکام سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ حسام لہڑی تا ملک پور جٹاں روڈ اور ملکپور تا حسام روڈ کی فوری تعمیر و مرمت مکمل کی جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو اور کسی بڑے حادثے سے بچا جا سکے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں