بزرگوں کی لازوال قربانی سے آ زاد وطن ملا :عدیل حیدر

بزرگوں کی لازوال قربانی سے آ زاد وطن ملا :عدیل حیدر

عہد کرنا ہوگا ملکی ترقی اور خوشحالی کیلئے کام کریں گے :ڈی سی منڈی بہائوالدین

منڈی بہاؤالدین (ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈپٹی کمشنر عدیل حیدر کی زیر صدارت یوم پاکستان کے حوالے سے پرچم کشائی کی تقریب ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوئی۔ پولیس، ریسکیو 1122اور سکاؤٹس کے دستوں نے سلامی پیش کی۔ ڈپٹی کمشنر کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ 23مارچ شکرانے اور تجدید عہد کا دن ہے جو ہم سے عظیم مقاصد کے حصول کیلئے تمام توانائیاں بروئے کار لانے کا تقاضاکرتا ہے ، آج کے دن ہم سب کو یہ عہد کرنا ہوگا کہ جس طرح ہمارے بزرگوں نے قربانیاں دے کر الگ وطن حاصل کیا، اسی جذبے کیساتھ ہم پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے کام کرینگے ۔ ان کا کہنا تھا کہ 23مارچ ہماری تاریخ کا ایک سنہری دن ہے جو ہمیں اپنے بزرگوں کی تحریک پاکستان اور قیام پاکستان کیلئے کی گئی جدوجہد اور اس کیلئے دی گئی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے ۔ 1940میں اسی روز دو قومی نظریہ کے تحت حصول پاکستان کی قرارداد پیش کی گئی جو ہمارے عظیم وطن کے قیام کی بنیاد بنی۔ اور ہم آج ایک آزاد وطن میں سانس لے رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں