سرکاری ہسپتالوں میں زائد پارکنگ فیس، شہری سراپا احتجاج
پینسرہ (نمائندہ دنیا )وزیراعلیٰ پنجابمریم نواز شریف کے واضح احکامات کے باوجود سرکاری ہسپتالوں میں پارکنگ فیس کے نام پر شہریوں سے زائد رقم وصول کرنے کا سلسلہ جاری ہے ،
جس پر عوام میں شدید بے چینی پائی جا رہی ہے ۔جھنگ روڈ پر واقع چلڈرن ہسپتال میں پارکنگ عملہ سرکاری طور پر مقررہ 10 روپے کی پرچی جاری کرنے کے باوجود شہریوں سے اضافی رقم وصول کر رہا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ تین روز سے 10 روپے کی پرنٹڈ پرچی کے ساتھ مزید 20 روپے وصول کیے جا رہے ہیں، یوں مجموعی طور پر 30 روپے تک فیس لی جا رہی ہے ۔شہریوں کے مطابق جب انہوں نے اس اضافی وصولی پر اعتراض کیا تو پارکنگ عملے کے ساتھ تلخ کلامی اور توتکرار معمول بن گئی۔ متاثرہ افراد کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے واضح ہدایات کے باوجود یہ عمل کھلی خلاف ورزی ہے اور غریب مریضوں کے لواحقین پر اضافی بوجھ ڈالنے کے مترادف ہے ۔واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے سرکاری ہسپتالوں میں پارکنگ فیس میں ریلیف دینے اور اوورچارجنگ کے خاتمے کے احکامات جاری کیے گئے تھے ، تاہم مختلف شہروں سے اس کے برعکس شکایات موصول ہو رہی ہیں۔شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لے کر ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور ہسپتالوں میں جاری غیر قانونی وصولی کا سلسلہ فوری بند کیا جائے ۔