طبی سہولیات کی فراہمی میں غفلت نہیں ہوگی : سی ای او

طبی سہولیات کی فراہمی میں غفلت نہیں ہوگی : سی ای او

ڈاکٹر عطا المُنعم کا رورل ہیلتھ سنٹر ملکہ کا دورہ ، ادویات کی دستیابی کا جائزہ لیا

گلیانہ(نامہ نگار )چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر سید عطا المُنعم نے بغیر پیشگی اطلاع رورل ہیلتھ سنٹر ملکہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انچارج رورل ہیلتھ سنٹر ڈاکٹر اورنگ زیب بھی موجود تھے ۔سی ای او نے یونین کونسل ملکہ کی ویکسی نیشن ٹیموں سے یو سی ایم او کی مارننگ میٹنگ کا جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ ٹیموں کو بروقت فیلڈ میں روانہ کیا جائے تاکہ ویکسی نیشن کا عمل مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

دورے کے دوران انہوں نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا جن میں ادویات کی دستیابی، ایمرجنسی سروسز اور لیبارٹری سہولیات شامل تھیں۔ انہوں نے سٹاف کی حاضری بھی چیک کی اور تمام ملازمین کو ڈریس کوڈ پر سختی سے عملدرآمد کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ڈاکٹر سید عطا المُنعم نے کہا کہ عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں