ڈسکہ :اشیا بیچنے کیلئے پابندی کے با وجود لائوڈ سپیکر استعمال
مساجد کے امام اور خطیبوں پر مقدمات ، ریڑھی بانوں کو کو ئی پوچھنے والا نہیں :شہری
منڈیکی گورائیہ(نامہ نگار)ڈسکہ اورگرد ونواح میں پھیری لگانے والوں نے لاؤڈ سپیکر کے استعمال سے شہریوں کا سکون چھین لیا۔ حکومت پنجاب کی طرف سے لاؤڈ سپیکر کے بے جا استعمال پر پابندی ہے مگر انتظامیہ کی نااہلی اور عدم توجہی کے باعث علاقہ بھرمیں پھیری لگانے والوں نے گدھاگاڑیوں پر لاؤڈ سپیکر لگارکھے ہیں جس پر دھڑلے سے اونچی آواز میں سودا فروخت کرنے کی صدائیں لگائی جاتی ہیں جبکہ گدھاگاڑیوں پر عورتیں اپنے ساتھ دو تین بچوں کو بٹھا کر بھیک مانگنے کی صدائیں دیتی ہیں حالانکہ حکومت کی طرف سے لاؤڈ سپیکر کے استعمال پر پابندی ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ مساجد کے امام اور خطیبوں کیخلاف مقدمات درج کئے جارہے ہیں مگر ریڑھی بانوں سے انتظامیہ جان بوجھ کر ان کیخلاف کارروائی سے گریزاں ہے ۔ علاقہ کی سیاسی وسماجی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کامطالبہ کیاہے۔