تاجروں کی کاروباری اوقات کار پر عملدرآمد کی یقین دہانی
رات 8بجے تمام کاروباری مراکز اور دکانیں بند کرانا یقینی بنایا جائیگا:پیرا فورس
حافظ آباد(نامہ نگار ، نمائندہ دنیا )پیرا فورس کے ایگزیکٹو ممبران اور انجمن تاجران کے نمائندہ وفد کے درمیان اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں موجودہ صورتحال اور حکومتی احکامات پر عملدرآمد کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں مرکزی انجمن تاجران کے صدر شیخ محمد امجد، جنرل سیکرٹری ملک یاسر نور، انجمن تاجران ونیکے روڈ کے صدر محمود علی سمیت ملک فیصل، حافظ نعیم، اعجاز مغل اور حاجی عباس گوگا سمیت تاجر رہنماؤں نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران پیرا فورس کے ایگزیکٹو ممبران نے واضح کیا کہ حکومتی ہدایات کے مطابق لاک ڈاؤن کے تحت رات 8بجے تمام کاروباری مراکز اور دکانیں بند کروانا ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی یا نرمی برداشت نہیں کی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری طور پر ایف آئی آر درج کرکے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انجمن تاجران کے صدر شیخ محمد امجد نے تاجروں کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری ہمیشہ قومی مفاد کو مقدم رکھتی ہے اور حکومت کی جانب سے جاری کردہ احکامات کی مکمل پاسداری کرے گی۔