ملکوال:بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ، صارفین کو مشکلات
لوڈ شیڈنگ براہ راست متعلقہ گرڈ سٹیشن کے ذریعے ہوتی ، گیپکو کا تعلق نہیں :حکام
ملکوال (نمائندہ دنیا )شہر اور گردونواح میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے شہری پریشان ہو نے لگے ۔ ملکوال شہر اور گردونواح میں صبح اور رات کے اوقات میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر شہریوں کا کہنا ہے کہ شام ہوتے ہی رات گئے تک ہر گھنٹے بعد ایک گھنٹے کیلئے بجلی بند کر دی جاتی ہے اور یہ سلسلہ شام 6بجے سے شروع ہو کر صبح 7 بجے تک جاری رہتا ہے ۔ صارفین کا کہنا ہے کہ لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے گیپکو کی جانب سے شیڈول نہیں دیا گیا۔ رابطہ کرنے پر گیپکو حکام کا کہنا ہے کہ اس لوڈ شیڈنگ سے گیپکو انتظامیہ کا کوئی تعلق نہیں یہ لوڈ شیڈنگ براہ راست اسلام آباد سے متعلقہ گرڈ سٹیشن کے ذریعے ہوتی ہے اور ہمیں بھی لوڈ شیڈنگ کے بارے میں علم نہیں ہوتا۔ صارفین نے وزیراعظم شہباز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ لوڈ شیڈنگ فوری ختم کی جائے ۔