سادات خاندان پی ٹی آئی کیساتھ چٹان کی مانند کھڑا :وجاہت شاہ
ووٹ کی طاقت سے محروم طبقہ غلط خبروں سے کبھی اپنا مقصد حاصل نہیں کر پائے گا
لالہ موسیٰ(نمائندہ دنیا )تحریک انصاف کے رہنما سابق امیدوار این اے 65 وجاہت حسنین شاہ نے کہا ہے کہ عوامی پذیرائی سے محروم طبقہ بے پر کی نہ اُڑائے ، سادات خاندان کلیوال سیداں اپنے نظریہ اور جماعت کے ساتھ چٹان کی مانند کھڑا ہے ۔ ایک بیان میں اُنہوں نے مزید کہا کہ جن کے پاس ووٹ کی طاقت نہیں وہ غلط خبروں کی تشہیر سے کبھی اپنا مقصد حاصل نہیں کر پائیں گے کیونکہ ایسے عوام کے مسترد کردہ لوگوں کی حلقہ میں نہ تو مقبولیت ہے اور نہ ہی انہیں عوامی اعتماد حاصل ہے ،انہوں نے مزید کہا کہ عوام باشعور ہیں اُنہیں اب نہ ہی جھوٹی خبروں سے ورغلایا جا سکتا ہے اور نہ ہی وہ ایسے جھوٹے پراپیگنڈوں کے ذریعے کسی کے جھانسے میں آنے والے ہیں،حلقہ کے غیور عوام نے مجھے مینڈیٹ دیا ہے جس پر میں اُن کا ممنونِ احسان بھی ہوں اور اُن کی محبتوں کا مقروض بھی اور کبھی اُنہیں مایوس نہیں کروں گا۔