فرنیچر شوروم سے لاکھوں روپے کے نا ن کسٹم سگریٹ برآ مد
محکمہ ایکسائز نے سیگریٹ ایف بی آر کے حوالے کر دئیے ،کارروائی جاری رہیگی :حکام
گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر)ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ کی سول لائن میں نان کسٹم سیگریٹ فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی لاکھوں روپے کے 10ہزار سے زائدغیر قانونی سگریٹ پکڑے گئے ۔سیگریٹ فرنیچر شوروم میں چھپا رکھے تھے ۔قبضہ میں لیے گئے سیگریٹ ایف بی آر کے حوالے کر دئیے گئے ۔بتایا گیا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے صوبہ بھر میں نان کسٹم سیگریٹ فروخت کرنے والوں کے خلاف مہم جاری ہے، ایکسائز کی ٹیموں نے سول لائن کے علاقہ میں نان کسٹم سیگریٹ فروخت کرنے والے کے خلاف آپریشن کیا جہاں سے دس ہزار سیگریٹ کے پیکٹ پکڑے گئے جو کہ نان کسٹم تھے ۔سیگریٹ کے پیکٹ پکڑے گئے جبکہ سیگریٹ کی بڑی مقدار ایک فرنیچر شوروم سے بھی بر آمد ہوئے ۔پکڑے گئے سیگریٹ نام کسٹم اور سمگل شدہ ہیں جن کی مالیت لاکھوں روپے میں بتائی جا رہی ہے ۔ ڈائریکٹر ایکسائز ثوبیہ مالک کے مطابق ضلع بھر میں غیر قانونی سگریٹ کے خلاف سخت اور مسلسل کریک ڈاؤن جاری ہے ۔تمام انسپکٹرز کو واضح احکامات جاری کیے گئے ہیں کہ کسی بھی مشکوک گاڑی، دکان یا گودام کی فوراً تلاشی لی جائے اور برآمدہ سامان سمیت گاڑیوں کو بھی موقع پر ضبط کیا جائے ۔