سیوریج منصوبہ کی مقررہ مدت میں تکمیل ترجیح : عبد الرزاق
میگا منصوبے کی تکمیل سے شہر میں نکاسی آب کا نظام بہتر ہو جائیگا:ڈی سی حافظ آباد
حافظ آباد(نامہ نگار،نمائندہ دنیا )ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق کاکہنا ہے کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری سیوریج کے میگا پراجیکٹ کی مقررہ مدت اور معیار کے مطابق بروقت تکمیل ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے تا کہ منصوبے کی تکمیل سے نکاسی آب کا نظام بہتر اور لوگوں کو منصوبے کے تعمیراتی کام سے ہونے والی دشوار ی کا خاتمہ ممکن ہو سکے ۔ڈپٹی کمشنر نے علی پورروڈ،ونیکے چوک اور جیل روڈ پر سیوریج پراجیکٹ کی سائٹ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے زیر زمین بچھائے جانے والی سیوریج لائن، ڈسپوزل ورکس اور منصوبے کے دیگر تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر کاکہنا تھا کہ تقریبا 7ارب 20کروڑ روپے کی لاگت سے سیوریج کے میگا منصوبے کی تکمیل سے شہر میں نکاسی آب کا نظام بہتر ہو جائیگااور بالخصوص موسم برسات میں بارشی پانی کے نکا س سے شہریوں کو خاصا ریلیف ملے گا۔انکاکہنا تھا کہ سیوریج کا یہ منصوبہ حکومت پنجاب کا ایک اہم عوامی،فلاحی اور ترقیاتی منصوبہ ہے جس کے تعمیراتی کام کی کوالٹی کو ہر لحاظ سے بہتر بنایا جائیگا۔ ضلعی انتظامیہ کی کوشش ہے کہ اندرون شہر منصوبے کو جلد ا ز جلد مکمل کر لیا جائے تا کہ شہریوں کو درپیش مشکلات کم ہو سکیں۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے جنرل بس سٹینڈ کا بھی دورہ کیا اور وہاں تعمیر ہو نے والے نئے شیڈ کے تعمیراتی کام اور مسافروں کیلئے دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔