سیالکوٹ میں نئی انڈسٹریل اسٹیٹ کیلئے کام تیز کر دیا : شافع
دنیا میں 95 فیصد سرجیکل آلات سیالکوٹ میں تیار ہو کر برآمد کئے جاتے ہیں
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )صوبائی وزیر انڈسٹریز، کامرس اینڈ انویسٹمنٹ شافع حسین نے سیالکوٹ میں ایک روزہ ٹیکنالوجی اینڈ انوویشن سمٹ کا افتتاح کیا جس میں 85 سے زائد سٹالز قائم کئے گئے جہاں جدید ٹیکنالوجی اور صنعتی جدت کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا گیا۔ صوبائی وزیر نے بیشتر سٹالز کا دورہ کیا اور وہاں پیش کی جانے والی مصنوعات اور آئیڈیاز میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ سمٹ سیالکوٹ سرجیکل ایسوسی ایشن اور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے باہمی تعاون سے منعقد کیا گیا۔
اس موقع پر صدر سیالکوٹ سرجیکل ایسوسی ایشن ذیشان طارق اور نائب صدر عبدالمو من سمیت صنعتکاروں، کاروباری شخصیات اور ہنرمندوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔صوبائی وزیر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں 95 فیصد سرجیکل آلات سیالکوٹ میں تیار ہو کر برآمد کئے جاتے ہیں جو اس شہر کی صنعتی مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ، یورپ، کینیڈا اور دیگر ترقی یافتہ ممالک میں سیالکوٹ کے تیار کردہ سرجیکل آلات قدر کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ حکومت سیالکوٹ میں نئی انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کے عمل کو تیز کر رہی ہے تاکہ صنعتکاروں کو مزید سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ کئی مقامی صنعتکار اپنے کاروبار کو وسعت دینا چاہتے ہیں، جس سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور معیشت کو تقویت ملے گی۔