جوا نیٹ ورک کیخلاف کریک ڈائون کی تیاریاں

جوا نیٹ ورک کیخلاف کریک ڈائون کی تیاریاں

انٹرنیشنل سطح کے 6 بکیوں کی نشاندہی،درجنوں افراد جوا کیساتھ منشیات فروشی میں بھی ملوث ،خصوصی سکواڈز کی کا رروائیاں ،بلا امتیاز کارروائی ہو گی :سی پی او ڈاکٹر غیاث

گوجرانوالہ (راجہ ماجد سے )اربوں روپے کے جو ا کے نیٹ ورک کیخلاف کریک ڈاؤن کی تیاریاں ، انٹرنیشنل سطح پر رابطے رکھنے والے 6 بڑے بکیوں کی نشاندہی کر لی گئی جن کے زیر سایہ ہزاروں کارندے مختلف علاقوں میں نیٹ ورک چلا رہے ہیں۔درجنوں افراد جو ا کے اڈے چلانے کے ساتھ ساتھ منشیات کے دھندے میں بھی ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے ۔ذرائع کے مطابق بکیوں کے خلاف شواہد اکٹھے کرنے اور ان کے پورے نیٹ ورک کو بے نقاب کرنے کیلئے خفیہ سطح پر کارروائیاں جاری ہیں۔ اس سلسلے میں بکیوں اور ان کے سہولت کاروں کی فہرستیں تیار کی جا رہی ہیں جن میں فرنٹ مین، ایجنٹس اور مالی لین دین میں ملوث افراد شامل ہیں۔ یہ منظم گروہ جدید ٹیکنالوجی اور آن لائن ذرائع استعمال کرتے ہوئے جوئے کا کاروبار چلا رہے ہیں جس کے ذریعے روزانہ لاکھوں جبکہ ماہانہ کروڑوں روپے کا لین دین ہو رہا ہے۔

پولیس نے اس نیٹ ورک کے مالی معاملات کا سراغ لگانے کیلئے بھی خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں تاکہ منی ٹریل کے ذریعے اصل سرغنوں تک پہنچا جا سکے جبکہ پولیس اور ایف آئی اے مشترکہ آپریشن کریں گے ۔پولیس حکام کے مطابق ڈی ایس پیز کی نگرانی میں خصوصی سکواڈز تشکیل دے د ئیے گئے ہیں جو مختلف علاقوں میں چھاپے مارنے ، مشتبہ افراد کی نگرانی اور خفیہ معلومات اکٹھی کرنے میں مصروف ہیں۔ ابتدائی مرحلے میں شہر کے حساس علاقوں کو فوکس کیا جا رہا ہے جہاں سے غیر قانونی کاروبار کے پھیلاؤ کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کریک ڈاؤن کا مقصد نہ صرف مرکزی ملزموں کو گرفتار کرنا ہے بلکہ پورے نیٹ ورک کو ختم کرنا بھی ہے ۔ اس حوالے سے بین الاضلاعی روابط اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بھی تعاون حاصل کیا جا رہا ہے ۔سی پی او ڈاکٹر غیاث گل خان کا کہنا ہے کہ شہر میں کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے یا غیر قانونی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دی جائے گی اور جوئے جیسے سماجی برائی کے خاتمے کیلئے بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں