علی پور چٹھہ : ستھرا پنجاب پروگرام کے رکشے منڈی میں سبزی کی ترسیل کیلئے استعمال

علی پور چٹھہ : ستھرا پنجاب پروگرام کے رکشے منڈی میں سبزی کی ترسیل کیلئے استعمال

شہر کی سبزی منڈی اور ملحقہ علاقوں میں جگہ جگہ کوڑے کے ڈھیر، عملہ صفائی چھوڑ کر دیگر کاموں میں مصروف ، شہریوں کا اظہار تشویش ، سرکاری وسائل کے غلط استعمال کو روکنے کا مطالبہ

علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر )ستھرا پنجاب پروگرام کے رکشے سبزی منڈی میں سامان ڈھونے لگے ، صفائی کی صورتحال ابتر ہونے پر شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ علی پورچٹھہ میں ستھرا پنجاب پروگرام کی کارکردگی پر سوالات اٹھنے لگے جہاں صفائی کیلئے مختص رکشے اور عملہ سبزی منڈی میں آلو اور دیگر اشیا خور ونوش کی ترسیل میں مصروف ہیں۔ شہر کی سبزی منڈی اور ملحقہ علاقوں میں جگہ جگہ کوڑے کے ڈھیر موجود ہیں جس سے تعفن پھیل رہا ہے اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ صفائی کیلئے فراہم کیے گئے وسائل کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے جبکہ اصل مقصد صفائی ستھرائی کو نظر انداز کیا جا رہا ہے ۔ شہریوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو ستھرا پنجاب پروگرام محض کاغذی کارروائی تک محدود ہو کر رہ جائے گا۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے صفائی عملے کو ان کی اصل ذمہ داریوں پر مامور کیا جائے اور وسائل کے غلط استعمال کو روکا جائے تاکہ صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جا سکے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں