پاک امریکن شکاگو لینڈ اورگوجرانوالہ چیمبر میں معاہد ے پر دستخط
شکاگو لینڈ چیمبر گوجرانوالہ کے تاجروں کو ایکسپوز میں شرکت کیلئے تعاون کریگا:نوید انور
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر،سٹی رپورٹر)صدر گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس علی ہمایوں بٹ کی عالمی تجارتی سفار کاری سے پاک امریکن شکاگو لینڈ چیمبر آف کامرس کے وفد نے صدر نوید انور اور نائب صدر رانا خرم کی زیرقیادت گوجرانوالہ چیمبر کا خصوصی دورہ کیا۔ اس موقع پر دونوں چیمبرز کے مابین تجارتی تعلقات کے فروغ اور کاروباری برادری کو قریب لانے کیلئے معاہدے پر دستخط کیے گئے ۔ صدر علی ہمایوں بٹ، سینئر نائب صدر سعد جمیل عرفانی اور ایگزیکٹو ممبران نے وفد کا استقبال کیا۔ معاہدے کا بنیادی مقصد گوجرانوالہ کے صنعتکاروں کو امریکی مارکیٹ تک براہ راست رسائی فراہم کرنا اور بزنس کمیونٹی کے درمیان حائل رکاوٹوں کو دور کرنا ہے ۔تقریب سے خطاب کرتے صدر PACCC نوید انور نے کہا شکاگو لینڈ چیمبر گوجرانوالہ کے تاجروں کو امریکہ میں ہونیوالی ایکسپوز میں شرکت اور B2B میٹنگز کیلئے ہر ممکن تعاون کرے گا۔ نائب صدر رانا خرم اور وفد کے رکن زاہد ملک نے گوجرانوالہ کے انڈسٹریل کلسٹرز کے پوٹینشل کی تعریف کرتے گوجرانوالہ چیمبر کو وفد کے ہمراہ شکاگو دورے کی دعوت دی۔ صدر گوجرانوالہ چیمبر کی جانب سے نوید انور کو پاکستان کیلئے خدمات پر حکومتِ پاکستان سے سول ایوارڈ ملنے پر خراجِ تحسین بھی پیش کیا گیا۔