پنجاب کالج یونیورسٹی کیمپس کا ذہنی صحت آگاہی سیمینار

پنجاب کالج یونیورسٹی کیمپس کا ذہنی صحت آگاہی سیمینار

منفی سوچ سے گریز کریں،مثبت سوچنے سے ذہنی سکون ملے گا:ڈاکٹر عمران مرتضیٰ طلبہ کامیابی کیلئے احسن سلوک اپنائیں :ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن پنجاب کالجز شہزاد رفیق

گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر )سوشل میڈیا اور موبائل فوبیا سے والدین بہن بھائیوں ،دوستوں اور قریبی رشتہ داروں میں فاصلے بڑھ گئے ہیں روحانیت کی جگہ مادیت پرستی نے جگہ لے لی ہے جس سے ڈپریشن، اضطراب ذہنی امراض بڑھ گئے ہیں اور معاشرہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار ایم ایس فائونٹین ہاؤس لاہور ممتاز ماہر نفسیات ڈاکٹر عمران مرتضیٰ نے بطور مہمان خصوصی پنجاب کالج یونیورسٹی کیمپس کے زیر اہتمام ذہنی صحت آگاہی سیمینار سے خطاب میں کیا اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن پنجاب کالجز شہزاد رفیق، ڈین یونیورسٹی کیمپس شاہد سلیم خواجہ ،ہیڈ بی ایس پروگرامز شمیم اختر ،ماہرین نفسیات محمد اشرف، مس مدیحہ تاج ، رحمینہ اقبال ، سعدیہ حسین ، زری امین، عائشہ عمران مرتضی، اساتذہ اور طلبہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔ ڈاکٹر عمران مرتضیٰ نے خطا ب میں مزید کہا اپنے اندر عاجزی انکساری رحمدلی پیدا کریں ،منفی سوچ سے گریز کریں،مثبت سوچیں ،ذہنی سکون ملے گا اور یہ سب کچھ آپ نبی کریم ؐکی زندگی سے سیکھ سکتے ہیں جو عملی نمونہ ہیں ۔ انہوں نے طلبہ سے کہا اگر وہ فائونٹین ہاؤس میں انٹرن شپ کرنا چاہتے ہیں تو ہماری خدمات ضرور حاصل کریں ۔ ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن پنجاب کالجز شہزاد رفیق نے خطاب میں طلبہ پر زور دیا کہ نبی کریم ؐکی سیرت کو پڑھیں تاکہ آپ کو زندگی کا سلیقہ آسکے ، والدین، اساتذہ اورہمسایوں سے حسن سلوک والا رویہ رکھیں پھر کامیابی آپ کا مقدر ہوگی۔ آخر میں معزز مہمان ڈاکٹر عمران مرتضیٰ کو ادارہ کی طرف سے یادگاری شیلڈ اور سووینئر پیش کیا گیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں