نوشہرہ :جو ڈیشل کمپلیکس کی سکیو رٹی بہتر بنانے کی ہدایت
مصالحتی سنٹر، ججز کیلئے علیحدہ لائبریری، خواتین سٹاف کیلئے کچن بنانے کی منظوری ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ندیم طاہر سید کا دورہ،بار رہنمائوں نے مسائل سے آ گاہ کیا
نوشہرہ ورکاں (نمائندہ دنیا )ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج گوجرانوالہ ندیم طاہر سید نے جوڈیشل کمپلیکس نوشہرہ ورکاں کا دورہ کیا ،صدر بار ابوذر مہدی اور جنرل سیکرٹری سہیل رسول گجر نے استقبال کیا اور انہیں تحصیل کچہری کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ندیم طاہر سید نے جوڈیشل کمپلیکس میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا انہوں نے بار روم، لیڈیز بار روم، لائبریری، مسجد اور ریکارڈ روم کی تعمیراتی پیش رفت کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام منصوبے جلد از جلد مکمل کئے جائیں تاکہ وکلا اور سائلین کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے جوڈیشل کمپلیکس کے سکیورٹی انتظامات کا بھی جائزہ لیا اور حفاظتی اقدامات مزید موثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا ۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے بار عہدیداروں کی درخواست پر مصالحتی سنٹر، ججز کیلئے علیحدہ لائبریری، خواتین سٹاف کیلئے کچن جبکہ خواتین سائلین کیلئے علیحدہ شیڈ اور واش رومز کی تعمیر کی بھی منظوری دی ۔