ملک مہنگائی ، سیاسی عدم استحکام کا سامنا کر رہا :ریحانہ ڈار
حکومت مسائل حل کر نے کے بجائے مخالفین کو کچلنے میں مصروف :رہنما پی ٹی آ ئی
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )تحریک انصاف کی سینئر رہنما ریحانہ امتیاز ڈار نے کہا ہے کہ ملک اس وقت سنگین معاشی چیلنجز مہنگائی اور سیاسی عدم استحکام کا سامنا کررہا ہے اور ان حالات سے نکلنے کے لئے ایک مضبوط شفاف اور عوامی مینڈیٹ رکھنے والی قیادت کی ضرورت ہے تحریک انصاف ایک نظریاتی اور عوامی جماعت ہے جس نے ملک کی سیاست میں ایک نئے دور کا آغاز کیا ہے ،عمران خان کا نظریہ اب ایک عوامی سوچ بن چکا ہے جو ملک کے ہر حصے میں تیزی سے پھیل رہا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع کچہری چوک میں مہنگائی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صاجنرادہ حامد رضا، روبا عمر ڈار، صدر ڈسٹرکٹ بار سعید احمد بھلی، عمر جاوید گھمن ، سٹی صدر میاں اعجاز جاوید، امجد علی باجوہ، عظیم نوری گھمن، جنرل سیکرٹری چودھری محمد الطاف، سیکرٹری اطلاعات ونشریات میاں شان علی قمر، ڈویژنل جنرل سیکرٹری انصاف لائزر فورم چودھری طاہر سلطان، ضلعی صدر انصاف لائر ز فورم مجسم زرخیز انور خان کے علاوہ کارکن کثیر تعداد میں موجو دتھے ۔ ریحانہ امتیاز ڈار نے مزید کہا کہ ملک اس وقت سنگین بحرانوں کا شکار ہے مسائل کے انبار لگے ہیں جنہیں حل کرنے کے بجائے حکومت کی ساری توجہ سیاسی مخالفین کو کچلنے پر مرکوز ہے ۔ صدر بار سعید احمد بھلی نے کہا ہے کہ قانون کی حکمرانی ہماری منزل ہے ۔ صاجنرادہ حامد رضا، روبا عمر ڈار، عمر جاوید گھمن نے کہا کہ ہم جمہوری جدوجہد سے کسی صورت دستبرار نہیں ہوں گے ۔