عید پر صفائی ، آلائشوں کی بروقت تلفی کیلئے اقدامات کا آ غاز
جی ڈبلیو ایم سی کی تمام ٹیمیں عید کے تینوں دن فیلڈ میں متحرک رہیں گی
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)گوجرانوالہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر صفائی ستھرائی اور قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کی بروقت تلفی کیلئے جامع اور مؤثر حکمت عملی پر عملدرآمد کا آغاز کر دیا ۔اسی سلسلے میں چیف ایگزیکٹو آفیسر جی ڈبلیو ایم سی چودھری عبدالرزاق ڈوگر نے سیف سٹی سینٹر / پنجاب پولیس انٹیگریٹڈ کمانڈ، کنٹرول اینڈ کمیونیکیشن سینٹر گوجرانوالہ کا دورہ کیا، جہاں جدید مانیٹرنگ سسٹم، باہمی رابطہ کاری اور مربوط آپریشنل حکمت عملی کے ذریعے عید صفائی آپریشن کو مزید مؤثر بنانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر ایس ایس پی آپریشنز نے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مختلف شعبوں، جدید کیمروں، مانیٹرنگ سسٹمز، ایمرجنسی رسپانس میکانزم اور سکیورٹی انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے نہ صرف امن و امان کی صورتحال پر مؤثر نظر رکھی جا رہی ہے بلکہ صفائی ستھرائی اور شہری سہولیات سے متعلق امور میں بھی فوری ردعمل اور مؤثر نگرانی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے ۔سی ای او جی ڈبلیو ایم سی نے مزید کہا کہ جی ڈبلیو ایم سی کی تمام ٹیمیں عید کے تینوں دن فیلڈ میں متحرک رہیں گی۔ ڈمپرز، ویسٹ کلیکشن گاڑیاں، مشینری اور سینٹری ورکرز مکمل استعداد کے ساتھ فرائض انجام دیں گے جبکہ شہر بھر میں خصوصی شکایتی و معلوماتی کیمپ بھی قائم کئے جائیں گے ۔