پنڈی بھٹیاں:چور بے لگام‘ ایک ہی رات 2گھروں کا صفایا

پنڈی بھٹیاں:چور بے لگام‘ ایک ہی رات 2گھروں کا صفایا

قتل گڑھا میں غلام عباس کے گھر سے زیورات اور اڑھا ئی لاکھ روپے چوری کر لئے گئے محنت کش شان کے گھر سے ایک لا کھ روپے چوری ، بڑھتی وار داتوں پر شہری پر یشان

پنڈی بھٹیاں (نامہ نگار)پنڈی بھٹیاں شہر میں چور بے لگا م ہوگئے ،آئے روز وارداتوں میں شہری قیمتی سامان سے محروم ہونے لگے جبکہ تھانہ سٹی پولیس وارداتوں کی روک تھام میں ناکام ہو گئی ۔گزشتہ شب محلہ قتل گڑھا میں ایک ہی رات چوری کی دو وارداتوں نے شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیلا دیا ۔ غلام عباس اہل خانہ کے ہمراہ کسی کام کے سلسلہ میں شہر سے باہر گئے ہوئے تھے ، صبح جب واپس پہنچے تو گھر کے دروازے کھلے تھے اور تمام سامان بکھرا پڑا تھا جبکہ چور گھر کے تالے توڑ کر قیمتی سامان لے جا چکے تھے ۔ متاثرہ خاندان کے مطابق چور اڑھائی تولہ طلائی زیورات اور 4لاکھ روپے چرا کر فرار ہو گئے ۔ دوسری واردات میں محنت کش شان عرف شانی کے گھر کو بھی چوروں نے نشانہ بنایا جہاں سے ایک لاکھ روپے چوری کر لئے گئے ۔ چوری کی بڑھتی وارداتوں پر شہریوں نے عدم تحفظ کا اظہار کیا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ پہلے اسی محلہ میں ڈاکٹر عدنان محمود ساحل کے گھر چوری کی واردات ہوئی لیکن آج تک چور پکڑے جاسکے اور نہ ہی برآمدگی ہو سکی ، متاثرین تھانے کے چکر لگالگا کر تھک چکے ہیں ، اسی طرح شہر میں ہونے والی دیگر وارداتوں کا بھی پولیس سراغ نہ لگا سکی۔شہریوں نے اعلیٰ حکام سے وارداتوں کی روک تھام کا مطالبہ کیا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں