علی پورچٹھہ:عید کے تیسرے روز ڈاکو راج ‘پولیس تماشائی

علی پورچٹھہ:عید کے تیسرے روز ڈاکو راج ‘پولیس تماشائی

شہری دن دہاڑے لٹتے رہے‘ مزاحمت پر خاتون کو تشدد کرکے شدید زخمی کر دیا

علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر )عید کے تیسرے روز ڈاکوؤں کا راج ،شہری دن دہاڑے لٹتے رہے ،پولیس خاموش تماشائی بن گئی ۔اسلحہ بردار وں نے خواتین سے زیورات، شہریوں سے رقم ، موبائل فون اور موٹر سائیکلیں چھین لیں ۔ خالد تاج بنگش اور اہلیہ کو فتح پور کے قریب ڈاکوؤں نے روک کر موبائل فون، پرس، رقم اور خاتون کے کانوں سے بالیاں اور انگوٹھی چھین لیں، کانوں سے خون بہہ نکلا مزاحمت کرنے پر ڈاکوؤں نے تشدد کرتے زخمی کر دیا اور فرار ہو گئے ۔ اسی طرح واپڈا کالونی کے قریب احسان اللہ نامی شہری کو ناکہ زن ڈاکوؤں نے روک کر موٹر سائیکل، موبائل فون اور اے ٹی ایم کارڈ چھین لئے ۔ متاثرہ شہری کے مطابق ملزم فرار ہو گئے جبکہ پولیس بروقت موقع پر نہ پہنچ سکی۔ دوسری واردات جتی شاہ رحمن کے قریب پیش آئی جہاں موٹر سائیکل سوار خاندان کو اسلحہ کے زور پر روک لیا گیا۔ ڈاکوؤں نے خاتون کے کانوں سے بالیاں نوچ لیں اور فرار ہو گئے ۔ واقعہ کے بعد متاثرہ خاندان خوف و ہراس کا شکار دکھائی دیا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ عید جیسے پرامن اور خوشیوں کے دنوں میں بھی جرائم پیشہ عناصر بے خوف ہو کر سرگرم ہیں جبکہ پولیس گشت اور حفاظتی اقدامات صرف دعوؤں تک محدود دکھائی دیتے ہیں۔ شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ دن دہاڑے وارداتیں پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہیں ،اعلیٰ حکام نو ٹس لیں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں