اسسٹنٹ کمشنر وزیر آ باد نے صفائی ورکرز کو ہیرو قرار دیدیا

اسسٹنٹ کمشنر وزیر آ باد نے صفائی ورکرز کو ہیرو قرار دیدیا

2500ٹن آ لائشیں اٹھا لیں ، کام مکمل ہو نے تک ٹیمیں متحرک رہیں گی :جواد پیرزادہ

وزیرآباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر )وزیرآباد میں عیدالاضحیٰ صفائی آپریشن تینوں روز بھرپور انداز میں جاری رہا جہاں 45 ڈگری سینٹی گریڈ کی جھلسا دینے والی گرمی بھی صفائی ورکرز کے حوصلے پست نہ کر سکی۔ شہر کے گلی محلوں، بازاروں اور دیہی یونین کونسلز میں صفائی ٹیمیں دن رات متحرک رہیں اور آلائشیں اٹھانے ، انہیں بروقت ڈمپنگ سائٹس تک منتقل کرنے اور تلف کرنے کا عمل بلا تعطل جاری رکھا گیا۔ وزیرآباد میں عید صفائی آپریشن کیلئے 3000 ٹن آلائشیں اٹھانے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا جس میں سے تقریباً 2500ٹن آلائشیں اٹھانے کا ہدف کامیابی سے مکمل کر لیا گیا جبکہ باقی کام تیزی سے جاری ہے ۔ ڈپٹی کمشنر/چیئرمین جی ڈبلیو ایم سی نوید احمد، اسسٹنٹ کمشنر جواد حسین پیرزادہ، سی ای او جی ڈبلیو ایم سی عبدالرزاق ڈوگر، منیجنگ ڈائریکٹر امپیریل گروپ لمیٹڈ اخلاق حیدر چٹھہ ، آپریشنل ہیڈ عدیل سیف چٹھہ، آپریشن منیجرعامر بشیر اور فیلڈ مانیٹرنگ افسر خود مسلسل فیلڈ میں موجود رہے اور صفائی آپریشن کی لمحہ بہ لمحہ نگرانی کرتے رہے ۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ عید کے دنوں میں جس تیزی اور منظم انداز سے آلائشیں اٹھائی گئیں اس سے ماضی کے مقابلے میں نمایاں فرق دیکھنے میں آیا۔اسسٹنٹ کمشنر جواد حسین پیرزادہ نے ورکرز کو صفائی ہیروز قرار دیا ۔ انہوں نے واضح کیا کہ آخری آلائش اٹھانے تک تمام ٹیمیں مکمل طور پر متحرک رہیں گی ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں