گوجرانوالہ اور وزیر آ باد میں صفائی آپریشن مکمل
دونوں اضلاع میں 14ہزار ٹن سے زائد آ لائشوں کو ٹھکانے لگایا گیا
گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر)گوجرانوالہ کو صاف ستھرا بنانے کیلئے عید سے 2 روز قبل آپریشن شروع کیا اور عید الاضحی کے تیسرے اور آخری روز کامیابی سے مکمل، گوجرانوالہ اور وزیر آباد میں 14874 ٹن آلائشیں محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگائی گئیں مجموعی ہدف (12 ہزار ٹن)سے 24 فیصد زائد آلائشیں ٹھکانے لگائی گئیں، 2594 تمام شکایات کا فوری ازالہ کیا گیا۔ چیئرمین جی ڈبلیو ایم سی/ڈپٹی کمشنر نوید احمد اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر گوجرانوالہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی عبدالرزاق ڈوگر نے کہا کہ گوجرانوالہ اور وزیر آباد میں شام کی رپورٹ کے مطابق 14 ہزار 874 ٹن آلائشیں ٹھکانے لگائی گئیں، 2 ہزار 5 سو 94 موصول 100 فیصد شکایات کا فوری ازالہ کیا گیا۔آپریشن میں 1548 گاڑیاں بروئے کار لائی گئیں اور 8 ہزار 110 ورکرز نے ڈیوٹیاں سر انجام دیں۔ آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کے بعد شہریوں کو تعن زدہ ماحول اور جراثیم سے بچاؤ کیلئے 1165 لٹر عرق گلاب اور 2720 لٹر فینائل اور 48 ہزار 730 کلو چونے کا چھڑکاؤ کیا گیا۔