آ لائشیں ٹھکانے لگانے کا کام مکمل کر لیا :ڈی سی سیالکوٹ
1630سے زائد گاڑیاں آلائشوں کو اٹھانے اور انہیں ٹھکانے لگانے پر استعمال
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے کہا ہے کہ سیالکوٹ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے عید الاضحی پر آلائشیں اٹھانے اور ٹھکانے لگانے کا آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے ،ضلع بھر میں فضا کو خوشگوار اور معطر بنانے کیلئے شاہرات کی صفائی کا عمل کرلیا گیا۔ تین دنوں کے دوران5500 سے زائد ورکرز آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کیلئے اپنی ڈیوٹی سر انجام دیتے رہے ،16 ہزار ٹن سے زائد آلائشوں کو ٹھکانے لگایا گیا ضلع بھر میں عید کے تیسرے دن فضا کو ماحول دوست بنانے کیلئے فینائل اور عرق گلاب سے شاہراہوں کی صفائی کی جاری ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیالکوٹ کے مختلف علاقوں میں صفائی آپریشن مکمل ہونے پر دورہ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر چیف ایگزیکٹیو آفیسر عبدالرزاق ڈوگر، منیجر کمیونیکیشن فہد جاوید ودیگر بھی ہمراہ تھے ۔ انہوں نے کہا کہ عید الاضحی کے تینوں روز ضلع بھر کی چاروں تحصیلوں سیالکوٹ، پسرور ،سمبڑیال، ڈسکہ میں 16ہزار 394ٹن آلائشوں کو ڈمپنگ سائٹ پر منتقل کرکے ڈمپ کردیا گیا جبکہ آپریشن میں5260 ورکرز کے علاوہ 295 اضافی ورکرز نے حصہ لیا ۔ آپریشن سے قبل تین لاکھ چار ہزار 887 ویسٹ بیگز تقسیم کئے گئے 1630 سے زائد گاڑیاں آلائشوں کو اٹھانے اور انہیں ٹھکانے لگانے پر استعمال ہوئیں،کولیکشن پوائنٹ کو 3100 لٹر عراق گلاب اور 11ہزار 146 لٹر فینائل سے دھویا گیا۔شاہرات کی صفائی ستھرائی کرکے 96 ہزار 250کلو چونا استعمال کیا گیا۔ گلیوں محلوں اور بازاروں کی مکمل صفائی کردی جائے گی تاکہ کل شہریوں کو صاف ستھرا ماحول ملے ۔