مہنگائی نے غریب کی زندگی اجیرن بنا دی :گورنر

مہنگائی نے غریب کی زندگی اجیرن بنا دی :گورنر

سیاسی و سماجی شخصیات عوامی مسائل کے حل میں کر دار ادا کر یں :وفد سے گفتگو

علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر )سیاسی و سماجی رہنما آغا بابر عباس نے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر سے ملاقات کی ، ملکی صورتحال، مہنگائی، عوامی مسائل اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر آغا اسد عباس، سابق ممبر صوبائی اسمبلی ظفر حسین، سابق چیئرمین گوجرانوالہ صابر بٹ اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔ وفد نے گورنر کو تحصیل علی پورچٹھہ اور گردونواح کے عوام کو درپیش مسائل، مہنگائی کے بڑھتے ہوئے اثرات اور بنیادی سہولیات کی صورتحال سے آگاہ کیا۔اس موقع پر سردار سلیم حیدر نے کہا کہ مہنگائی نے عام آدمی خصوصاً غریب اور متوسط طبقے کی زندگی اجیرن بنا دی ،روزمرہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ عوام کیلئے شدید مشکلات پیدا کر رہا ہے اور حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے مختلف اقدامات پر کام کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں جاری جنگی صورتحال نے پوری دنیا کو متاثر کیا ہے اور انسانی زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے ،عالمی سطح پر معاشی دباؤ، تجارتی رکاوٹیں اور غیر یقینی حالات کے اثرات پاکستان سمیت تمام ترقی پذیر ممالک پر پڑے ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ سیاسی و سماجی شخصیات کو چاہیے کہ وہ عوامی مسائل کے حل کیلئے مثبت کردار ادا کریں اور معاشرے میں رواداری، بھائی چارے اور ہم آہنگی کو فروغ دیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں