ایکسپائرڈ لائسنس پر چلنے والے 1577نجی سکولوں کو شوکاز
سربراہان 9جولائی کو ذاتی حیثیت میں طلب ‘عدم پیشی پر جرمانہ‘بندش کا انتباہ
نوشہرہ ورکاں (تحصیل رپورٹر )بغیر ای لائسنس اور ایکسپائرڈ لائسنس پر چلنے والے 1577نجی سکولوں کو شوکاز نوٹس، 9 جولائی کو طلب،نوشہرہ ورکاں سمیت ضلع بھر کے متعدد نجی تعلیمی ادارے فہرست میں شامل، عدم پیشی پر جرمانہ، بند کرنے اور دیگر قانونی کارروائی کا انتباہ جاری کر دیا گیا ۔بتایاگیا ہے کہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی گوجرانوالہ نے نوشہرہ ورکاں سمیت ضلع بھر میں بغیر ای لائسنس یا ایکسپائرڈ ای لائسنس کے تحت چلنے والے 1577 نجی تعلیمی اداروں کے مالکان اور پرنسپلز کو شوکاز نوٹس جاری کر د ئیے ہیں اور انہیں 9 جولائی کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی گوجرانوالہ کی جانب سے 6جولائی 2026کو جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ڈپٹی کمشنر و چیئرمین ڈسٹرکٹ رجسٹریشن اتھارٹی کی ہدایت پر منعقدہ ماہانہ ریویو اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حکومت پنجاب کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے نجی تعلیمی اداروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ شوکاز نوٹس کے مطابق متعلقہ سکول مالکان اور پرنسپلز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے تحریری جواب اور متعلقہ دستاویزات کے ہمراہ 9 جولائی کو سی ای او ڈی ای اے /سیکرٹری ڈسٹرکٹ رجسٹریشن اتھارٹی کے دفتر میں ذاتی طور پر پیش ہوں۔ بصورت دیگر یکطرفہ کارروائی کرتے ہوئے بھاری جرمانہ، پینلٹی، سکول کو فوری طور پر سیل کرنے ، بند کرنے اور قانون کے مطابق دیگر کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے ۔