سمبڑیال:ٹینری زون کے زہریلے پانی سے بیماریاں عام
نیل وایہ نالے میں مچھلیاں بھی مر گئیں‘ علاقہ مکین بھی متاثر ،احتجاجی مظاہرہ
سمبڑیال(سٹی رپورٹر )ٹینری زون سمبڑیال کے گندے پانی کے باعث دیہات میں مویشیوں سمیت شہری پیٹ اورجگر کی مختلف بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے ، شہریوں کا شدید احتجاج ،اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس کا مطالبہ کر دیا ۔ مین جی ٹی روڈ سیالکوٹ وزیرآباد سے ٹینریز کو کھمبرانوالہ کے قریب ٹینری زون میں منتقل کردیا گیا تھا تاکہ ٹینری زون کے گندے پانی کو صاف کر کے استعمال میں لایا جاسکے مگر ٹینری زون انتظامیہ نے ٹینریوں کے گندے پانی کو ‘‘نیل وایہ ’’نالہ میں ڈال دیا جس کے باعث نالہ میں موجود مچھلیا ں بھی مرگئی ہیں اورنالہ سے ملحقہ دیہات امریک پورہ ،حدوکے ، کوٹ دینہ ، جیٹھی کے ،لوپووالی سمیت دیگر دیہاتوں کا زیر زمین پانی بھی خراب ہوچکا ہے جس کے باعث شہری اورمویشی پیٹ اورجگر کی مختلف بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں جس کے باعث علاقہ مکینوں اورعوامی سماجی حلقوں میں شدید تشویش پائی جارہی ہے ،عوامی سماجی حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب ،کمشنر گوجرانوالہ ،ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ سمیت اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لیتے ہوئے ٹینری زون انتظامیہ کے خلاف کاروائی اورٹینریوں کے گندے پانی کو صاف کر کے دوبارہ قابل استعمال بنانے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ شہریوں اورا ن کے مال مویشیوں کے جان ومال کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے اورپانی کوصاف کرنے کیلئے ٹینری زون کے اند ربھی سسٹم بھی بنایا جائے ۔