لوڈ شیڈنگ سے پانی کی قلت‘مونجی کے کاشتکار پریشان
تتلے عالی اور نواح میں دھان کی قسم 86کی کاشت شروع ،مز دوری میں اضافہ
تتلے عالی(نامہ نگار)تتلے عالی میں دھان کی قسم86کی کاشت میں شروع ہو گئی ،بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے کھیت خشک ہونے لگے ،کاشتکار پر یشان ہوکر رہ گئے ۔تتلے عالی اور اس کے نواحی دیہی علاقوں میں دھان کی قسم86کی کاشت شروع ہو گئی،مردوخواتین مزدور شدید گرمی اور حبس میں کھیتوں میں پنیری لگانے میں مصروف دکھائی دیتے ہیں البتہ گزشتہ سال کی نسبت رواں سال میں فی ایکڑ پنیری اکھاڑنے ،لگانے کی مزدوری میں اضافہ ہوگیا ، فی ایکڑ لگوائی8ہزار روپے اور فی ایکڑ پنیری اکھاڑنے کی مزدوری4000روپے وصول کی جا رہی ہے ۔دھان کی قسم86کی کاشت مکمل ہونے پر کائنات اور سپر باسمتی کی کاشت شروع ہو جائیگی۔کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ بجلی کی غیر اعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ سے ٹیوب ویلوں بند ہوکر رہ گئے ہیں جس کے باعث کھیت خشک ہو رہے جبکہ شہری بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ سے پریشان ہیں۔انہوں نے گیپکو حکام سے اصلاح واحوال کا مطالبہ کیا ہے ۔