صحابہ کرامؓ کے اقدامات نشان منزل ہیں:عبدالقدیر اعوان

صحابہ کرامؓ کے اقدامات نشان منزل ہیں:عبدالقدیر اعوان

عبادات کو عبادات کے درجے میں رہنے دیں انہیں سودوں میں نہ تولیں

ڈسکہ(نمائندہ دنیا )سربراہ تنظیم الاخوان پاکستان عبدالقدیر اعوان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحابہ کرام ؓ وہ عظیم ہستیاں ہیں جن کے اُٹھائے ہوئے قدم مبارک آنیوالے زمانوں کیلئے رہنمائی اور نشان ِ منزل ہیں، اس کے باوجود وہ دعا فرماتے کہ رب کریم ہمارے اعمال میں اگر کہیں کمی بیشی ہو گئی ہو یا آپ کی شان کے مطابق نہ ہوں تو ہمیں بخش دیجیے گااگر صحابہ کرام جیسی عظیم ہستیاں اپنے عمل کے بعد اﷲ سے بخشش مانگ رہی ہیں تودوسرا کون ہے جو نیکی کر کے اس پر فخر کر سکتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی اصولوں میں ہر ایک کیلئے بھلائی ہے ،اپنی مرضیات کو اسلامی اصولوں پر قربان کر کے عمل پیرا ہوا جاتا ہے بندہ مومن کو اپنا آپ آئینہ کی صورت نظر آنا چاہیے کہ میں کیا کر رہا ہوں کہاں تجاوز ہو رہا ہے چہ جائیکہ کہ بندہ یہ کہے کہ میں نے اتنی عبادات بھی کیں پھر بھی میری ضروریات پوری نہیں ہو رہی عبادات کو عبادات کے درجے میں رہنے دیں انہیں سودوں میں نہ تولیں صاحب ایمان ہر دوپہلو میں کامیاب ہے اس لیے کہ اس کی بنیاد اس کی نیت اس کے عمل اﷲ کی ذات کی طرف ہے رضائے باری تعالیٰ کیلئے ہے اﷲ کریم یہ کیفیات عطا فرمائیں اور ہمیں صحیح شعور عطا فرمائیں آخر میں انہوں نے ملکی سلامتی اور بقا کی اجتماعی دعا بھی کی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں