بچیوں کے تعلیمی حق پر سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا:سعید بھلی

بچیوں کے تعلیمی حق پر سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا:سعید بھلی

عوام اور وکلا طالبات کے مستقبل سے کھیلنے کی اجازت نہیں دینگے :وفد سے گفتگو

سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر سعید احمد بھلی نے کہا کہ سیالکوٹ کی بچیوں کے تعلیمی حق پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا، سیالکوٹ کے عوام اور وکلا برادری طالبات کے مستقبل سے کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے اور اس مقصد کیلئے ہر ممکن کردار ادا کریں گے ۔ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سیالکوٹ ودیگر عہدیدار اور پوری وکلا برادری گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ کے ساتھ ہر سطح پر کھڑی ہے اور طالبات کے تعلیمی حقوق کے تحفظ کیلئے ہر ممکن قانونی اور آئینی اقدام کرے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آل سٹاف ایسوسی ایشن گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ کے وفد سے بار لائبریری میں امام بی بی کیمپس کی اراضی کے تحفظ کے لیے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد کی قیادت پروفیسر ڈاکٹر یاسر نواز منج نے کی۔ وفد نے امام بی بی کیمپس کی اراضی کے تحفظ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وکلا برادری سے بھرپور تعاون اور حمایت کی اپیل کی۔ اس موقع پر صدر سیالکوٹ بار ایسوسی ایشن سعید احمد بھلی نے وفد کو تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی کی اراضی صرف اور صرف تعلیمی مقاصد کیلئے وقف ہونی چاہیے اور اسے کسی دوسرے مقصد کیلئے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے ۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اگر یونیورسٹی کی اراضی واپس نہ کی گئی تو وکلا برادری بھرپور قانونی اور جمہوری تحریک چلانے سے بھی گریز نہیں کرے گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں