ڈرینج منصوبے کی تکمیل،نوشہرہ اور وزیر آباد کی انتظامیہ متحرک

ڈرینج منصوبے کی تکمیل،نوشہرہ اور وزیر آباد کی انتظامیہ متحرک

دونوں علاقوں کے مکین برسوں سے سیوریج مسائل کا سامنا کر رہے :اسسٹنٹ کمشنرز

نوشہرہ ورکاں (تحصیل رپورٹر ،نمائندہ دنیا ) نامکمل ڈرینج منصوبے کی تکمیل کیلئے دونوں تحصیلوں کی انتظامیہ متحرک ہو گئی، تخمینہ لاگت تیار کرنے کی ہدایت کر دی ۔بتایا گیا ہے کہ نامکمل ڈرینج منصوبے کی تکمیل کیلئے اسسٹنٹ کمشنر نوشہرہ ورکاں سعدیہ جمال اور اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد جواد حسین پیرزادہ نے دونوں تحصیلوں کی حدود میں واقع مواضعات ادھوالی (نوشہرہ ورکاں)اور قلعہ باگ سنگھ (وزیر آباد)کا مشترکہ دورہ کیا اور سیوریج کے دیرینہ مسئلے کا جائزہ لیا۔

دورے کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈرینج چینل کا منصوبہ 2017میں مکمل ہونا تھا تاہم تحصیل نوشہرہ ورکاں کی حدود میں اس پر جزوی طور پر کام مکمل کیا گیا جبکہ تحصیل وزیرآباد کی حدود میں واقع حصہ تاحال نامکمل ہے جس کے باعث دونوں علاقوں کے مکین برسوں سے سیوریج کے مسائل کا سامنا کر رہے ہیں ۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ کونسل کے متعلقہ سب انجینئرز کو منصوبے کے باقی ماندہ کام کا فوری تخمینہ تیار کرنے کی ہدایت جاری کی گئی۔ انتظامیہ کے مطابق تخمینہ مکمل ہوتے ہی منصوبے کو ٹینڈر کیلئے پیش کیا جائے گا تاکہ ڈرینج چینل کی باقی ماندہ تعمیر جلد مکمل کرکے علاقہ مکینوں کو سیوریج کے دیرینہ مسئلے سے مستقل ریلیف فراہم کیا جا سکے ۔اسسٹنٹ کمشنرز سعدیہ جمال اور جواد حسین پیرزادہ نے اس موقع پر کہا کہ عوامی مسائل کے بروقت اور دیرپا حل کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائینگے اور نامکمل ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل کو یقینی بنایا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں