پنڈی بھٹیاں :گلیوں بازاروں میں کوڑے کے ڈھیر،نالے بند
صفائی کے نام پر کروڑوں خرچ ،مقامی انتظامیہ اور منتخب نمائندے تماشائی ،شہری پریشان
پنڈی بھٹیاں (نامہ نگار )وزیر اعلیٰ پنجاب کا ستھرا پنجاب پنڈی بھٹیاں میں خواب بن گیا جبکہ صفائی کے نام پر ہرماہ کروڑوں روپے قومی خزانہ سے نکالے جانے لگے ،پنڈی بھٹیاں شہر اور دیہات میں صفائی کہیں نظر نہیں آتی جبکہ ستھرا پنجاب کی فوج ظفر موج جگہ جگہ موجود ہو تی ہے جو محض اپنے افسر وں سمیت فوٹو سیشن کر ا کر چلے جاتے ہیں ۔ شہر بھر میں گلیاں اور بازار گندگی سے بھرے پڑے ہیں تعفن کے با عث سانس لینا دشوار ہو گیا ۔ نالیاں اور نالے گندگی سے اٹے ہوئے ہیں جس سے نکاسی آب کا نظام ٹھپ ہو چکا اور گندا پانی گلیوں اور بازاروں میں بہہ رہا جس سے نہ صرف شہریوں کا گزرنا محال ہو چکا جبکہ گندے پانی سے مچھروں اور مکھیوں کی بھرپور افزائش ہو رہی ہے جس سے شہری مہلک امراض میں مبتلا ہو رہے ہیں جبکہ صفائی کے نام پر قومی خزانہ سے کروڑوں روپے نکلوا کر عوام کے ٹیکسوں کی رقم مبینہ طور پر کرپشن کی نظر ہو رہی ہے ۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ھے کہ انتظامیہ اور منتخب نمائندوں نے بھی صفائی کی ناگفتہ بے صورتحال پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے ۔ شہریوں نے وزیر اعلیٰ مریم نواز ، کمشنر گوجرانوالہ اور ڈپٹی کمشنر حافظ آباد سے مطالبہ کیا ہے کہ صفائی جیسی بنیادی سہولت کو یقینی بنایا جائے اور ستھرا پنجاب پروگرام کی آڑ میں مبینہ طور پر قومی خزانہ لوٹنے والوں کیخلاف بھی کارروائی عمل میں لاکر قرار واقعی سزا دی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments