وزیر آباد :پولیس کے جوڈیشل کمپلیکس میں داخلے پر پابندی

 وزیر آباد :پولیس کے جوڈیشل کمپلیکس میں داخلے پر پابندی

وکلا کے گھروں پر حملے ،توڑ پھوڑ ناقابل قبول ،مقدمات خارج کئے جائیں:صدربار

وزیرآباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر )سابق صدر بار ایسوسی ایشن شہباز احمد چیمہ کے گھر پنجاب پولیس کے اہلکاروں کے مبینہ داخلے ، چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرنے ، اہلخانہ کو ہراساں کرنے ، قیمتی سامان اور نقدی لے جانے جبکہ گھر میں توڑ پھوڑ اور اویس ایڈووکیٹ کے گھر میں بھی توڑ پھوڑکیخلاف ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کا مذمتی اجلاس صدر عمران عصمت چودھری اور جنرل سیکرٹری وقار احمد رندھاوا کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں وکلا نے واقعہ پر شدید تشویش اور مذمت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکاروں کے مبینہ داخلے کے دوران گھر میں موجود لاکھوں روپے کے سولر سسٹم اور فرنیچر و دیگر قیمتی سامان کو نقصان پہنچایا گیا قیمتی اشیا اور نقدی بھی لے جانے کا الزام ہے اویس ایڈووکیٹ کے گھر میں بھی پولیس کی جانب سے توڑ پھوڑ کی گئی کارروائی کے دوران گھر کے اہلخانہ کو مبینہ طور پر ہراساں بھی کیا گیا۔ عمران عصمت چودھری اور جنرل سیکرٹری وقار احمد رندھاوانے کہا کہ جوڈیشل کمپلیکس کے اندر کوئی سیاسی جماعت نہیں بلکہ تمام وکلا ایک خاندان کی طرح ہیں، کسی بھی وکیل کے ساتھ زیادتی نہیں ہونے دیں گے ۔ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے پولیس اہلکاروں کی جوڈیشل کمپلیکس میں داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی اور عدالتوں کا بھی مکمل بائیکاٹ کیا جائے گا جب تک بار ایسوسی ایشن کے سابق صدور،وکلا اور دیگر افراد کی ایف آئی آرز خارج نہیں کی جاتیں اور نقصان بھرپائی نہیں کی جاتی اس وقت ہڑتال جاری رہے گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...