حکمران عوام کی معاشی مشکلات بڑھا رہے :ایس اے حمید
پاکستان میں غربت کا شکار افراد 38فیصد ،بھارت ،بنگلہ دیش میں شر ح 15 فیصد
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)سابق مشیر چیئرمین وزیر اعلیٰ ٹاسک فورس و سینئر نائب صدر انصاف لائرز فورم پنجاب ایس اے حمید ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ پاکستان میں غربت کا بڑھتا ہوا دائرہ حکومتی معاشی پالیسیوں کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے ، یو این ڈی پی کے کثیر جہتی غربت انڈیکس کے مطابق پاکستان کی 38.3 فیصد آبادی غربت کا شکار ہے جبکہ بنگلہ دیش اور بھارت میں یہ شرح تقریباً 15 اور 16 فیصد ہے ، ملک میں لگ بھگ ساڑھے 9 کروڑ افراد بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں مگر حکمران عوام کو ریلیف دینے کے بجائے مہنگائی اور معاشی مشکلات میں مسلسل اضافہ کر رہے ہیں۔ایس اے حمید ایڈووکیٹ نے کہا کہ غربت صرف آمدن کی کمی نہیں بلکہ خوراک، صاف پانی، صحت، تعلیم اور رہائش جیسی بنیادی سہولتوں سے محرومی کا نام ہے ، مسلسل مہنگائی، بجلی و گیس کے بھاری اخراجات، قوتِ خرید میں کمی اور روزگار کے محدود مواقع نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت محض امدادی رقوم اور عارضی سبسڈی کے اعلانات سے غربت ختم نہیں کر سکتی، صنعت، زراعت، برآمدات اور چھوٹے کاروباروں کو فروغ دینے ، نوجوانوں کو ہنر سکھانے اور باعزت روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی ضرورت ہے ، اگر حکمرانوں نے عوام کو خودکفیل بنانے کیلئے عملی اقدامات نہ کئے تو غربت، بے روزگاری اور معاشی بدحالی مزید سنگین ہو جائیگی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments