دھمکیوں کے بجائے سازگار کاروباری ماحول دیاجائے :ایس ایم تنویر
کاروباری افراد کو مسائل کا حصہ نہیں بلکہ معاشی حل کا بنیادی ستون سمجھنا ہوگا
گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سرپرستِ اعلیٰ ایس ایم تنویر نے کہا ہے کہ کاروباری برادری کو دھمکیوں، چھاپوں اور گرفتاریوں کے خوف میں مبتلا کرنے کے بجائے عزت، تحفظ اور کاروبار کیلئے سازگار ماحول فراہم کیا جائے ، صنعتکار اور تاجر صنعتیں چلا کر روزگار کے مواقع پیدا کرتے اور لاکھوں خاندانوں کے معاش کا ذریعہ بنتے ہیں، اس لئے انہیں مسائل کا حصہ نہیں بلکہ معاشی حل کا بنیادی ستون سمجھنا ہوگا۔ وہ ذکی اعجاز، طارق کھوکھر، انور اسلم اور دیگر کاروباری رہنماؤں کے ہمراہ گوجرانوالہ چیمبر کے دورے کے موقع پر نومنتخب قیادت سے خطاب کر رہے تھے ۔ ایس ایم تنویر نے صدر گوجرانوالہ چیمبر شیخ غلام حسین جج اور نومنتخب قیادت کو مبارکباد دی۔ ایس ایم تنویر نے کہا کہ پاکستان میں صنعتی اور تجارتی ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں تاہم بڑھتی کاروباری لاگت، مہنگی توانائی، بلند شرحِ سود اور غیر مستقل پالیسیوں نے صنعتوں کی مسابقتی قوت کو متاثر کیا ہے ، کپاس اور ٹیکسٹائل سمیت کئی اہم شعبے دباؤ کا شکار ہیں حالانکہ یہی شعبے برآمدات میں اضافے اور روزگار کے وسیع مواقع پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کو کاروباری برادری کی تجاویز کو پالیسی سازی کا حصہ بنانا چاہیے ،فیڈریشن صنعتوں کے تحفظ، کاروباری اعتماد کی بحالی، برآمدات کے فروغ اور ملکی معیشت کو مضبوط بنانے کیلئے جدوجہد جاری رکھے گا۔ اس موقع پر صدر گوجرانوالہ چیمبر شیخ غلام حسین جج نے کہا کہ آئی ایم ایف کی شرائط، بجلی و گیس کے بڑھتے نرخ، بلند شرحِ سود اور کاروباری اخراجات میں مسلسل اضافے نے صنعت و تجارت کیلئے حالات مشکل بنا د ئیے ہیں ، ملک بھر کے چیمبرز، ایسوسی ایشنز اور کاروباری گروپس کو مشترکہ پلیٹ فارم پر متحد ہو کر حکومت کے سامنے قابلِ عمل تجاویز پیش کرنا ہوں گی ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments