گوجرانوالہ تعلیمی بورڈ کے یوم تاسیس پر تقریب
ملازمین درگزر، رواداری، احترام اور ٹیم ورک کو فروغ دیں:کمشنر کا خطاب
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر )بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن گوجرانوالہ کی 44 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ یومِ تاسیس منفرد انداز اور بھرپور جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ چیئرپرسن بورڈ انجینئر ڈاکٹر اقصیٰ شبیر کے وژن کے تحت تقریب کا مقصد ملازمین میں ادارے سے وابستگی، باہمی ہم آہنگی اور اجتماعی ذمہ داری کے احساس کو مزید مضبوط بنانا تھا۔ مرکزی تقریب بورڈ کے نو تعمیر شدہ ہال میں ہوئی، صدارت کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن محمد علی نے کی جبکہ معروف ماہرِ تعلیم، دانشور اور مقرر قاسم علی شاہ مہمانِ خصوصی تھے ۔ قاسم علی شاہ نے نے شرکا کو ذہنی دباؤ سے نمٹنے ، مثبت سوچ اپنانے اور پیشہ ورانہ زندگی میں بہتر کارکردگی کے حوالے سے رہنمائی فراہم کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر محمد علی نے بورڈ میں اپنی خدمات اور وابستگی کو اعزاز قرار دیا۔ انہوں نے ملازمین اور انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ باہمی درگزر، رواداری، احترام اور ٹیم ورک کو فروغ دیں اور ادارے کی ترقی و بہتری کیلئے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ باہمی تعاون اور یکجہتی ہی کسی بھی ادارے کو کامیابی کی نئی منزلوں تک پہنچانے میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔چیئرپرسن بورڈ انجینئر ڈاکٹر اقصیٰ شبیر نے نے کہا کہ ادارے کی ترقی، وقار اور کارکردگی میں ملازمین کا کردار کلیدی اہمیت رکھتا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments