وزیر آباد: تجاوزات، بے ہنگم ٹریفک، مین بازار مسائل کا گڑھ
فٹ پاتھوں کی تعمیر سے سڑک سکڑ گئی ، چنگ چی رکشوں کی بھرمار ،دکانوں کے سامنے موٹر سائیکل سٹینڈز سے مشکلات ، کاروباری سر گرمیاں میں شدید متاثر
وزیرآباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر)فٹ پاتھوں کی تعمیر کے با عث سڑک کی گنجائش کم ہونے سے بازار سکڑ کر رہ گیا جبکہ رہی سہی کسر چنگ چی رکشوں کی آمدورفت اور دکانوں کے سامنے قائم موٹر سائیکل سٹینڈز نے پوری کر دی۔ بازار میں بڑھتی تجاوزات اور ٹریفک کی بے ہنگم صورتحال کے باعث شہریوں، خریداروں، دکانداروں اور پیدل چلنے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ مین بازار وزیرآباد شہر کا اہم تجارتی مرکز ہے جہاں روزانہ بڑی تعداد میں شہری خریداری کیلئے آتے ہیں لیکن بازار میں چنگ چی رکشوں کی آمدورفت اور دکانوں کے سامنے موٹر سائیکلیں کھڑی ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے ۔ فٹ پاتھوں کی تعمیر کے بعد سڑک کی دستیاب جگہ محدود ہو گئی جس کے باعث رش کے اوقات میں پیدل چلنا بھی دشوار ہو جاتا ہے اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ جاتی ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ فٹ پاتھ سہولت کیلئے بنائے جاتے ہیں لیکن بازار میں ٹریفک کی مناسب منصوبہ بندی اور تجاوزات کے موثر خاتمے کے بغیر مسائل حل نہیں ہو سکتے ۔ د کانوں کے سامنے موٹر سائیکلیں کھڑی ہونے اور رکشوں کی آمدورفت سے نہ صرف خریداروں کو پریشانی ہوتی ہے بلکہ کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہوتی ہیں۔ تاجروں نے ضلعی انتظامیہ، میونسپل کمیٹی اور ٹریفک پولیس کے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مین بازار میں چنگ چی رکشوں کا داخلہ بند کرنے ، دکانوں کے سامنے غیر قانونی موٹر سائیکل سٹینڈز ختم کرنے اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے مؤثر اقدامات کئے جائیں ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments