ایلومینیم یوٹینسلز کا کسٹمز ویلیوایشن رولنگ ماننے سے انکار
پیداواری لاگت بڑھنے سے مصنوعات عالمی مارکیٹ میں مقابلہ نہیں کر سکیں گی:رہنما
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)آل پاکستان ایلومینیم یوٹینسلز مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے صدر عارف سلیم،سینئر نائب صدر عاطف انور اور نائب صدر عثمان صدیق نے کہا کہ کسٹمز ویلیوایشن رولنگ نمبر 2124/2026 کونہیں مانتے ، صدر ، وزیر اعظم اور چیئرمین ایف بی آر فوری نوٹس لیں۔ آل پاکستان ایلومینیم یوٹینسلز مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے مطابق مذکورہ رولنگ میں برتنوں میں استعمال ہونے والے شیشے کے ڈھکنوں (گلاس لڈز)کی کسٹم ویلیو میں بے تحاشا اضافہ کر دیا گیا ۔ ایسوسی ایشن کے پاس موجود مستند درآمدی دستاویزات اور سپلائر انوائسز کے مطابق ان ڈھکنوں کی اصل قیمت 0.90ڈالر فی کلو گرام سے کم ہے جبکہ رولنگ میں اسے 1.75ڈالر فی کلو گرام مقرر کیا گیا ہے جو تقریباً 100فیصد زائد ہے ۔ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ 12 اکتوبر 2026کو ہونیوالی مبینہ سٹیک ہولڈر میٹنگ کے لیے APAUMA کو کوئی نوٹس یا دعوت نامہ جاری نہیں کیا گیا اور انہیں اپنا موقف پیش کرنے کا موقع نہیں دیا گیا جو انصاف کے بنیادی اصولوں کے منافی ہے ۔رہنماؤں نے خبردار کیا ہے کہ اگر اس فیصلے پر نظرثانی نہ کی گئی تو پیداواری لاگت بڑھنے سے پاکستانی مصنوعات عالمی مارکیٹ میں مقابلہ نہیں کر سکیں گی، اس سے ملکی برآمدات کو شدید نقصان پہنچے گا، فیکٹریاں بند ہوں گی اور ہزاروں مزدور بے روزگار ہو جائیں گے ۔ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا ہے کہ رولنگ نمبر 2124/2026 کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments