کار کی کیری ڈبہ کو ٹکر ، کانسٹیبل ، اہلیہ اور 3بچے زخمی
ڈی ایس پی صدر حافظ آباد نواز ورک کا بیٹا کار چلا رہا تھا،زخمی ہسپتال منتقل پٹرولنگ پو لیس کانسٹیبل سعید شہزا د کی حالت تشویشناک، لاہور ریفر کردیا گیا
حافظ آباد (نمائندہ دُنیا ، نامہ نگار )حافظ آباد میں ڈنگہ شمیر کے قریب تیز رفتار کار نے کیری ڈبہ کو ٹکر دے ماری جس کے نتیجہ میں پٹرولنگ پولیس کا کانسٹیبل اور اسکی بیوی بچوں سمیت 5افراد شدید زخمی ہوگئے جبکہ پولیس کانسٹیبل کو تشویشناک حالت میں لاہور ہسپتا ل ریفر کردیا گیا۔ مڈھ چٹھہ کا رہائشی سعید شہزاد جو پٹرولنگ پولیس میں کانسٹیبل تعینات ہے وہ کیری ڈبہ میں فیملی کے ہمراہ خانقاہ ڈوگراں انٹرچینج کی جانب جا رہا تھا کہ ڈنگہ شمیر کے قریب مخالف سمت سے آنے والی تیز رفتار کار جسے ایف آئی آر کے مطابق ڈی ایس پی صدر حافظ آباد نواز ورک کا بیٹا عادل نواز ورک چلا رہا تھا۔اس نے مخالف سمت سے آنیوالے کیری ڈبہ کو ٹکر دے ماری جس سے پولیس کانسٹیبل سعید شہزاد کی دونوں ٹانگیں ٹوٹ گئیں جبکہ اس کی بیوی عظمیٰ سعید، بیٹے عامر شہزاد، حزیمہ سعید اور بیٹی حرم شدید زخمی ہو گئے ۔ ریسکیو ٹیم نے زخمیوں کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا، جہاں سے کانسٹیبل سعید شہزاد کو تشویشناک حالت کے پیش نظر لاہور ریفر کر دیا گیا ۔دوسری جانب کسوکی پولیس نے کانسٹیبل سعید شہزاد کے بھائی ناصر اقبال کی مدعیت میں عادل نواز ورک کے خلاف مقدمہ درج کر لیا تاحال ملزم کی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments