سرکاری تعلیمی ادارے مستقبل کے معمار تیار کر رہے :عمران علی
اسسٹنٹ کمشنر کا گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول کا دورہ ،سہولیات، انتظامی امور کا جائزہ
وزیرآباد (ڈسٹرکٹ رپورٹر) اسسٹنٹ کمشنر عمران علی نے گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سکول میں جاری تعلیمی سرگرمیوں، طلبہ کو فراہم کی جانے والی سہولیات، صفائی ستھرائی اور انتظامی امور کا جائزہ لیا، اساتذہ سے تعلیمی معیار، طلبہ کی حاضری اور تدریسی عمل کے حوالے سے معلومات حاصل کیں۔اس موقع پرپرنسپل زاہرہ طالب قاضی،غلام مصطفی تبسم ودیگر بھی موجود تھے ۔اسسٹنٹ کمشنر عمران علی نے کہا کہ سرکاری تعلیمی ادارے ہمارے مستقبل کے معمار تیار کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں بچوں کو معیاری تعلیم اور بہتر تعلیمی ماحول کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ۔ انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ طلبہ کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دیں اور اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کریں تعلیمی اداروں میں نظم و ضبط، صفائی اور بنیادی سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنانا ضروری ہے۔
تاکہ طلبہ کو سازگار ماحول میسر آسکے سرکاری سکولوں کی بہتری اور تعلیمی معیار میں اضافے کیلئے انتظامیہ اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ دریں اثناء اسسٹنٹ کمشنر علی عمران نے اے سی کورٹ میں مختلف مقدمات اور عوامی شکایات کی سماعت کرتے ہوئے سائلین کے مسائل توجہ سے سنے۔اس موقع پر انہوں نے متعلقہ امور کا جائزہ لیا اور شہریوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔اسسٹنٹ کمشنر علی عمران نے کہا کہ عوام کو انصاف کی فراہمی اور سرکاری دفاتر میں شہریوں کے مسائل کا بروقت ازالہ انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے کسی بھی سائل کو غیر ضروری انتظار یا دفتری پیچیدگیوں کا سامنا نہیں کرنا پڑنا چاہیے ۔ انہوں نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ زیر التوا معاملات کو میرٹ اور قانون کے مطابق جلد نمٹایا جائے اور سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی اور ذمہ داری سے پیش آیا جائے ، شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے انتظامیہ اپنے فرائض پوری ذمہ داری سے ادا کر رہی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments