مضر صحت خوراک،1,471دکانوں کو 2 کروڑ سے زائد جرمانہ
حفظان صحت کے اصولوں کی سنگین خلاف ورزی پر شہر بھر میں 700 فوڈ پوائنٹس بند
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)اسلام آباد فوڈ اتھارٹی نے سال 2025کی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی جس کے مطابق سال بھر میں مضر صحت گوشت، زائد المیعاد غذائی اشیا، گٹکا اور غیر معیاری ڈیری مصنوعات کے خلاف سخت کاروائیاں کی گئیں۔ مجموعی طور پر 12,697 کاروائیاں کیں اور معیار کی جانچ کے لیے 230 فوڈ سیمپل اٹھائے ، مضر صحت خوراک فروخت کرنے پر 1,471دکانوں کو 2 کروڑ 20 لاکھ 28 ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا۔حفظان صحت کے اصولوں کی سنگین خلاف ورزی پر شہر بھر میں 700 فوڈ پوائنٹس (ریستوران، ہوٹل، سٹال) کو عارضی یا مستقل طور پر بند کیا گیا۔ کاروائیوں کے دوران 2 لاکھ 48 ہزار 703 کلوگرام (قریب 2.5 لاکھ کلو) سے زائد مضر صحت خوراک کو ضبط کر کے تلف کیا گیا۔ معیاری غذائی اشیا کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے مثبت اقدام بھی اٹھائے ، جس کے تحت 4,786فوڈ پوائنٹس کو لائسنس جاری کیے گئے ۔ تاہم، بڑی خلاف ورزیوں پر 15 فوڈ پوائنٹس کے خلاف عدالتی مقدمات بھی درج کروائے گئے ۔