شاہین چوک انڈر پاس ٹریفک کیلئے کھل گیا ،وزیر داخلہ نے افتتاح کیا
اسلام آباد میں 15 ارب سے زائد کی لاگت سے 18 ترقیاتی منصوبے مکمل کئے وفاقی دارالحکومت میں عالمی معیار کا کرکٹ سٹیڈیم تعمیر کیا جائے گا،محسن نقوی
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مارگلہ روڈ پر شاہین چوک انڈر پاس منصوبے کا افتتاح کر دیا،منصوبہ ریکارڈ مدت میں مکمل کر کے عام ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد میں 15 ارب روپے سے زائد کی لاگت سے 18 ترقیاتی منصوبے مکمل کیے گئے ہیں۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ آنے والے سال ان منصوبوں کی تعداد دگنی کر دی جائے گی تاکہ شہریوں کو جدید سہولیات فراہم کی جا سکیں۔وزیر داخلہ نے ایک اہم اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں عالمی معیار کا خوبصورت ترین کرکٹ سٹیڈیم تعمیر کیا جائے گا۔ اس منصوبے کا باقاعدہ اشتہار جاری کیا جا چکا ہے اور جلد ہی اس پر کام کا آغاز ہو جائے گا۔ گاڑیوں پر ایم ٹیگ لگانے کی آخری تاریخ میں 15 دن کی توسیع کی جا رہی ہے ۔ شاہین انڈر پاس کی تکمیل سے نہ صرف مارگلہ ایو نیو پر ٹریفک کا دباؤ کم ہوگا بلکہ اس اہم چوک سے گزرنے والے شہریوں کی مشکلات میں نمایاں کمی واقع ہوگی۔