170بلوچ نوجوان تربیت مکمل کرکے پاک فوج میں شامل
بلوچ ٹریننگ وِنگ کوئٹہ میں21ویں بیج کی پاسنگ آئوٹ،جوانوں کاشاندارمارچ پاسٹبلوچستان کے نوجوانوں کی پاک فوج میں شمولیت قومی یکجہتی کی علامت:کمانڈنٹ بلوچ رجمنٹ
اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)بلوچ ٹریننگ وِنگ کوئٹہ میں سولجرز کے بنیادی فوجی تربیتی کورس کے اکیسویں بیج کی پروقار پاسنگ آئوٹ پریڈ منعقد ہوئی، جس میں بلوچستان کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے 170 جوانوں نے کامیابی کے ساتھ اپنی تربیت مکمل کر کے پاکستان فوج میں شمولیت اختیار کی۔تقریب میں کمانڈنٹ بلوچ رجمنٹ سینٹر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ پاسنگ آوٹ پریڈ میں جوانوں نے شاندار مارچ پاسٹ اور تربیت کے دوران حاصل کی گئی پیشہ ورانہ مہارت کا عملی مظاہرہ کیا، جسے حاضرین نے خوب سراہا۔پاسنگ آئوٹ پریڈ کے اختتام پر مہمانِ خصوصی نے پاس آثوٹ ہونے والے جوانوں اور ان کے اہلِ خانہ کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا بلوچستان کے نوجوانوں کی پاک فوج میں شمولیت نہ صرف قومی یکجہتی کی علامت ہے بلکہ خطے میں امن و استحکام کے لیے بھی اہم کردار ادا کرتی ہے ۔تربیتی کورس کے دوران نمایاں کارکردگی دکھانے والے جوانوں کو انعامات سے بھی نوازا گیا، جس پر جوانوں اور ان کے خاندانوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔اس موقع پر پاس آوٹ ہونے والے جوانوں نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا وہ بلوچ نوجوانوں کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پاک فوج میں بھرتی ہو کر ملک کے دفاع میں اپنا کردار ادا کریں۔ تقریب کا اختتام قومی ترانے اور دعا کے ساتھ ہوا، جبکہ حاضرین نے جوانوں کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔