جعلسازی پر پاکستان کسٹمز نے 2پریونٹیو افسروں کو گرفتار کر لیا
افسروں پر چاندی کے بسکٹوں کو سیسے سے تبدیل کرنے کا الزام ہے
اسلام آباد( دنیارپورٹ ) پاکستان کسٹمز نے دو پریونٹیو افسران، عارف علی جمانی اور سمیع اللہ اچکزئی کو ملی بھگت اور چاندی کے بسکٹوں کو سیسے سے تبدیل کرنے کے الزم میں گرفتار کر لیا ہے ۔ 5 اپریل 2026 کو ضبط شدہ 688 کلوگرام چاندی پاکستان منٹ لاہور میں جمع کروانے کے لیے ایک ٹیم تعینات کی گئی ، دونوں افسران عارف علی جمانی اور سمیع اللہ اچکزئی کو چاندی کی محفوظ ترسیل کی ذمہ داری سونپی گئی۔ تفصیلی جانچ پڑتال کے بعد یہ انکشاف ہوا کہ 688 کلوگرام میں سے 400 کلوگرام چاندی جعلی تھی یعنی چاندی کی بجائے سیسہ تھا۔ تحقیقات کے دوران سیف سٹی کوئٹہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج سے معلوم ہوا کہ چاندی کی محفوظ ترسیل کے ذمہ دار دونوں پریونٹیو افسران نے دانستہ طور پر اصل چاندی لے جانے والی گاڑی کو ایک دوسری گاڑی سے تبدیل کیا جس میں اسی وزن کی جعلی چاندی یعنی سیسے کے بسکٹ موجود تھے۔