پولیو مہم ،عظمیٰ کاردار نے چلڈرن ہسپتال میں افتتاح کیا
مارچ میں تمام ماحولیاتی نمونوں کا منفی آنا اہم پیش رفت ،فوکل پرسن
راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار ) پنجاب بھر میں قومی انسدادِ پولیو مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ مہم کا افتتاح وزیر اعلیٰ کی فوکل پرسن برائے پولیو عظمیٰ کاردار نے چلڈرن ہسپتال میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر کیا۔افتتاحی تقریب میں وائس چانسلر یونیورسٹی آف چلڈرن ہیلتھ سائنسز ڈاکٹر مسعود صادق، پاکستان پیڈیاٹرک ایسوسی ایشن کے نمائندگان اور ضلعی ہیلتھ افسر ڈاکٹر زاہد منیر نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عظمیٰ کاردار نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے ، 2025 میں 17اضلاع پولیو سے متاثر تھے تاہم اب صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
مارچ میں تمام ماحولیاتی نمونے منفی آنا ایک بڑی پیش رفت ہے ۔انہوں نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے ٹرانزٹ پوائنٹس کو مزید مضبوط کیا گیا ہے اور ہر داخلی و خارجی راستے پر ٹیمیں تعینات ہیں۔ پاکستان میں پولیو کی موجودگی کے باعث بدستورسفری پابندیوں کا سامنا ہے جس کی وجہ سے ہر شہری کے لیے ضروری ہے کہ وہ بیرون ملک سفر سے قبل پولیو ویکسین ضرور لگوائے ۔ انہوں نے کہا کہ 2026 پاکستان سے پولیو کے خاتمے کا سال ہے ۔